ابتک7لاکھ سےزائد گھرانے احساس راشن کیلیے رجسٹرڈ ہوچکے، ثانیہ نشتر

(فائل فوٹو)
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ اب تک 77لاکھ سے زائد گھرانے راشن کے لیے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ گھرانے بذریعہ 8171 رجسٹر ہو سکتے ہیں۔

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) وزیراعظم نے آج احساس راشن رعایت کی رجسٹریشن مہم کی آگاہی کے لیے پشاور کا دورہ کرنا تھا تاہم الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کی مہم کے باعث روک دیا ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو احساس راشن رعایت رجسٹریشن کی پیش رفت پر بریفنگ دینا تھی۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے مطابق اب تک احساس راشن رجسٹریشن ویب پورٹل پر 48.9کروڑ بار کلکس کیے جاچکے ہیں۔
ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ گھرانے کا کوئی بھی فرد 8171 پر رجسٹریشن کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر اس موبائل سم سے بھیجے جو اس کے نام پر رجسٹرڈ ہے جبکہ کریانہ مالکان کی رجسٹریشن بذریعہ رجسٹریشن ویب پورٹل ہوگی۔
حکومت کی جانب سے کریانہ مالکان کو رعایتی رقم کے ساتھ ساتھ پرکشش کمیشن بھی دیا جائے گا، کریانہ مالکان کوفی سہ ماہی گاڑیاں، موٹر سائیکل، موبائل فون اور دیگر انعامات بذریعہ قرعہ اندازی دیے جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے پشاور دورے کے دوران انجمن تاجران کے عہدیداران اور کریانہ الائنس کے ممبران سے بھی ملاقات کرنی تھی۔

وزیراعظم نے 3 نومبر2021 کو احساس راشن پروگرام کا اعلان کیا تھا، اس پروگرام سے 2کروڑ خاندان مستفید ہوں گے جن کا انتخاب حال ہی میں مکمل ہونے والے احساس سروے کے ذریعے کیا جائے گا، مجموعی طور پر 13کروڑ لوگ یا پاکستان کی 53 فیصد آبادی اس پروگرام سے مستفید ہوگی۔
اس پروگرام کے تحت ہر ماہ آٹا، دال اور گھی/پکانے کے تیل کی خریداری پر فی خاندان کو ایک ہزار روپے کی رعایت دی جائے گی۔ یہ سہولت نیشنل بینک آف پاکستان کے مختص کردہ کریانہ اسٹورز پر دستیاب ہوگی۔

اس پروگرام کے لیے رواں مالی سال کا نصف بجٹ 120 ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔ احساس راشن پروگرام کی لاگت وفاق اور احساس راشن مدد میں شامل صوبے مل کر برداشت کریں گے، اس پروگرام میں اب تک پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی صوبائی حکومتیں پروگرام میں شامل ہو چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں