200 کروڑ روپے کا فراڈ کیس، کیا جیکلین فرنینڈز گرفتار ہونے والی ہیں؟

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈز کو منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا ہے اور ان کی گرفتاری کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔ تو کیا ان حالات میں وہ سلمان خان کی فلم ’دا بنگ‘ کے ٹور کا حصہ بن سکیں گی؟

انڈین ویب سائٹ بالی وڈ لائف کے مطابق 10 دسمبر کو سلمان خان کی فلم دا بنگ کی کاسٹ سعودی عرب میں ریاض کا دورہ کر رہی ہے اور جیکلین فرنینڈز کو اس ٹور کا حصہ ہونا تھا۔
سلمان خان نے اس حوالے سے اعلان کیا تو جیکلین فرنینڈز بھی پوسٹر میں موجود تھیں اور کیپشن میں ان کا نام بھی لکھا تھا۔
تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ گرفتاری کی خبروں کے درمیان وہ یہ ٹور کرسکیں گی؟

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈز سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے منی لانڈرنگ کے ایک کیس میں بطور گواہ پوچھ گچھ کی تھی۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جیکلین سے یہ تفتیش ایک فراڈیے کے طور پر پہچانے جانے والے سکیش چندر شیکر نامی شخص کی جانب سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی بھتہ خوری کے کیس میں کی گئی۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے این ڈی ٹی وی کو 36 سالہ اداکارہ کے حوالے سے بتایا کہ ’وہ قصوروار نہیں ہیں، لیکن سکیش چندر شیکر کے خلاف کیس میں ان سے بطور گواہ تفتیش کی گئی ہے۔‘
24 اگست کو تحقیقاتی ایجنسی نے کہا تھا کہ اس نے چنئی میں ایک بنگلہ، 82 لاکھ 50 ہزار روپے نقد اور درجنوں لگژری گاڑیاں قبضے میں لی ہیں۔
یہ کیس دہلی پولیس کے مالی بے ضابطگیوں کی نگرانی کرنے والے ونگ اور دیگر کی جانب سے مبینہ دھوکہ دہی اور 200 کروڑ روپے کی بھتہ خوری پر سکیش کے خلاف دائر مقدمے پر مبنی ہے۔

View this post on Instagram A post shared by Salman Khan (@beingsalmankhan)

اس سے قبل اکتوبر میں کینیڈین نژاد انڈین اداکارہ نورا فتحی 200 کروڑ روپے کے غبن کے کیس میں نئی دہلی میں ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ کے سامنے پیش ہوئیں۔
غبن اور بھتہ خوری کے اس کیس میں دو ملزمان چندرا شیکھر اور ان کی اہلیہ غیر معروف اداکارہ لینا پال پہلے سے ہی گرفتار ہیں۔
انڈین چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق نورا فتحی کو پہلے سے گرفتار جوڑے سے مبینہ تعلق پر پوچھ گچھ کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں