برسبین(سپورٹس ڈیسک) :انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرسوں بدھ سے برسبین میں شروع ہو گا۔ 39 سالہ جیمز اینڈرسن ٹیسٹ میں زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے تیسرے بائولر ہیں۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا کہنا ہے کہ اینڈرسن مکمل طور پر فٹ ہیں تاہم ان کی پہلے ٹیسٹ میچ میں عدم شرکت منصوبے کا حصہ ہے۔ ای سی بی کا کہنا ہے کہ فاسٹ بائولر کی ڈیڑھ ماہ میں پانچ ٹیسٹ میچوں میں شرکت کسی بڑی انجری کا سبب بن سکتی ہے، بورڈ کے مطابق جیمز اینڈرسن 16 سے 20 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں شیڈول ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔