اوٹاوا(سپورٹس ڈیسک) کینیڈا کی ٹینس کھلاڑی بیانکااینڈریسکو فٹنس مسائل کی وجہ سے آئندہ سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرپائیں گی کیونکہ وہ ذہنی صحت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ بیانکا اینڈریسکوگزشتہ دو سالوں سے ذہنی اور جسمانی صحت کے حوالے سے بہت پریشان ہیں جس کی وجہ سے وہ 2022 کے آسٹریلین اوپن سے محروم ہو جائیں گی ۔
اینڈریسکو دو سال قبل یو ایس اوپن جیتنے کے بعد سے جسمانی اور ذہنی پریشانیوں سے دوچار ہیں۔صحت کے حوالے سے 21 سالہ نوجوان کھلاڑی رواں سال مزید تناؤ کا شکار ہوگئیں ۔ اینڈریسکو کی دادی کورونا وائرس کی وبا کا شکار ہونے کے بعد انتہائی نگہداشت میں تھی اور ان کی دیکھ بھال کے دوران اینڈریسکو کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا جس کی وجہ سے انہوں نے تنہائی میں اہم وقت گزارا۔سابق عالمی نمبر چار نے آئندہ سال کا پہلا گرینڈ سلام ایونٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کو بحالی صحت میں وقت درکار ہے۔