کراچی: (کامرس ڈیسک) کشکول توڑنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ایک سال کے دوران بیرونی اور مقامی قرضوں میں 13 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ریکاڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2021 تک بیرونی اور مقامی قرضوں کا مجموعی حجم 40 ہزار 279 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ اکتوبر 2020 میں مجموعی قرضے 35 ہزار 504 ارب روپے تھے۔
اکتوبر 2021 تک بیرونی قرضے 19 اعشاریہ 4 فیصد اضافے پر 13 ہزار 811 ارب روپے ہو گئے جبکہ اکتوبر 2020 میں بیرونی قرضوں کا حجم 11 ہزار 570 ارب روپے تھا۔ اسی طرح اکتوبر 2021 تک مقامی قرضے 10 اعشاریہ 6 فیصد اضافے سے 26 ہزار 468 ارب روپے ہوگئے جبکہ اکتوبر 2020 میں مقامی قرضوں کا حجم 23 ہزار 935 ارب روپے تھا۔
معاشی ماہرین کے مطابق حکومت ایک قرض کو اتارنے کی خاطر مزید قرض لے رہی ہے۔ مسئلے کے حل کے لئے حکومت کو آمدنی اور براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔