اسلام آباد: (کامرس ڈیسک) حکومت کے مقامی فرنس آئل استعمال کرنے کی بجائے تیل درآمد کرنے پر انحصار کے سبب آئل ریفائنریز نے سٹوریج کی صلاحیت ختم ہونے ہر تیل کی پیداوار بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
اٹک آئل ریفائنری کی جانب سے پٹرولیم ڈویژن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ آئل ریفائنریز کے پاس تیل ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ختم ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے، پیداوار جاری رہنے اور مقامی فرنس آئل کا استعمال نہ کرنے سے تیل ذخیرہ کرنے کی صلاحیت صرف آٹھ سے دس روز کی رہ گئی ہے۔
خط میں کہا گیا یے کہ حکومت بڑی مقدار میں فرنس آئل درآمد کررہی ہے جبکہ مقامی تیل ریفائنریوں سے فرنس آئل نہیں لیا جارہا، حکومت کی جانب سے آئی پی پیز کو مقامی ریفائنریز سے تیل خریداری کا بھی نہیں کہا جارہا، آئی پی پیز کے لئے تیس دن کا سٹوریج رکھنا لازمی ہے۔
اٹک آئل نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز تک تیل خریداری شروع نہ کی گئی توریفائنری بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے، خط میں حکومت سے کہا گیا ہے کہ آئل کمپنیوں پی ایس او اور کیپکو کو تیل کی خریداری کے احکامات جاری کئے جائیں۔