یاسر نواز پہلی سندھی کمرشل فلم بنائیں گے

جیسے ہی اسکرپٹ مکمل ہوگا، شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا، گفتگو

کراچی (شوبز ڈیسک) رانگ نمبر چکر اور مہرالنسا وی لب یو‘ جیسی فلمیں بنانے والے فلم ساز و اداکار یاسر نواز نے تصدیق کی ہے کہ وہ جلد ہی اپنی پہلی سندھی کمرشل فلم پر کام شروع کردیں گے۔تفصیلات کے مطابق یاسر نواز اردو فلمیں بنا چکے ہیں، تاہم انہوں نے آج تک مادری زبان میں کوئی فلم نہیں بنائی اور نہ ہی انہوں نے سندھی زبان کے ڈراموں میں کام کیا ہے۔
یاسر نواز کے والد فرید نواز بلوچ سندھی اور اردو ڈراموں کے معروف اداکار تھے جنہوں نے 100 سے زیادہ ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔والد کے برعکس یاسر نواز اور ان کے بھائی دانش نواز نے سندھی کے بجائے صرف اردو زبان کے ڈراموں اور فلموں میں کام کیا ہے تاہم اب جلد ہی یاسر نواز بطور ہدایت کار اپنی پہلی سندھی کمرشل فلم بنائیں گے، جس کی کہانی معروف ڈراما ساز نورالہدیٰ شاہ لکھیں گی۔

ایک انٹرویومیں یاسر نواز نے تصدیق کی کہ ان کی پہلی سندھی کمرشل فلم کی کہانی نورالہدیٰ شاہ لکھیں گی، جن کا سندھی افسانے میں کوئی ثانی نہیں۔انہوں نے بتایا کہ فی الحال وہ اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں، جیسے ہی اسکرپٹ مکمل ہوگا، شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا۔یاسر نواز نے فلم کی کہانی اور کاسٹ سے متعلق کچھ نہیں بتایا، تاہم کہا کہ فلم مکمل طور پر کمرشل ہوگی اور نورالہدیٰ شاہ سندھ بھر میں کہانیوں کے حوالے سے کافی شہرت رکھتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں