اسکول بس کو جی ٹی روڈ پر دینہ کے قریب حادثہ پیش آیا ، حادثے میں 25 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے‘ زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک بتائی گئی ہے
لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے مری جانے والی اسکول بس حادثے کا شکار ہونے سے 2 طالبات اور ایک ٹیچر جاں بحق ہوگئیں ، اسکول بس کو جی ٹی روڈ پر دینہ کے قریب حادثہ پیش آیا ، حادثے میں 25 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے‘ زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تفریحی ٹور پر لاہور سے مری جانے والے اسکول طالبات کی بس کو جی ٹی روڈ پر دینہ کے قریب حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 طالبات اور ایک ٹیچر جاں بحق جب کہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 سے معلوم ہوا کہ پرائیوٹ اسکول کے طلبہ اساتذہ کے ہمراہ لاہور سے مری جارہے تھے کہ اس دوران اسکول بس بے قابو ہوکر ریلوے لائن سے ٹکراگئی ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچیں ، جس کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو وہاں سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا ، زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب تیز رفتاری سے منع کرنے پر خاتون مسافر سے بدتمیزی کرنے والا منی بس ڈرائیور پکڑا گیا، خاتون مسافر نے بس ڈرائیور کو تیز رفتاری سے روکا تو ڈرائیور نے خاتون سے بدتمیزی کی تھی ، ڈرائیور کا کہنا تھا کہ یہ جیل تھانے اور کورٹ کچہری تو بنی ہی جوانوں کے لیے ہے ، جوان نہیں جائے گا تو اور کون جائے گا ، اس پر خاتون نے کہا کہ جیل میں مجرم اور بداخلاق لوگ جاتے ہیں ، اچھی تربیت والے کبھی جیل نہیں جانا چاہیں گے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی حرکت میں آئی اور ملزم بس ڈرائیور کو گرفتار کر لیا اور بس کو قبضے میں لے لیا ، اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیور پر 1500 روپے کے دو چالان بھی کیے گئے جب کہ ملزم ڈرائیور کے خلاف تیز رفتاری اور غفلت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔