ملزمان کیخلاف سخت کارروائی ہو گی: وزیراعظم کی سری لنکن صدر کو یقین دہانی

لاہور: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سری لنکن صدر کو یقین دلایا کہ سانحہ سیالکوٹ میں ملوث ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں موجود سری لنکن صدر گوٹابایا راجہ پاکسے سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ سیالکوٹ میں پریانتھا دیاودانا کے قتل پر پاکستانی قوم کو بھی غصہ ہے اور قوم سری لنکا سے شرمندہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیلیفونک رابطے کے دوران میں نے سری لنکن صدر کو بتایا کہ اس واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور انہیں یقین دلایا کہ ملوث ملزمان کیخلاف سخت کارروائی ہو گی۔

دوسری طرف سری لنکن صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ سیالکوٹ میں پیش آنے واقعے پر گہری تشویش ہے۔ ہماری حکومت کو وزیراعظم عمران خان پر مکمل بھروسہ ہے کہ پاکستان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گا اور ملک میں باقی سری لنکن کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔

اس ٹویٹ پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے لکھا کہ جناب صدر میں پاکستانی شہری ہوں اور سری لنکن منیجر کے قتل پر بہت افسوس ہے، یہ بدقسمتی والا دن ہے، پاکستانی سری لنکن شہریوں سے معذرت خواہ ہیں۔ پاکستان نفرت کے آگے کبھی نہیں جھکے گا۔

اس سے قبل سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پکسے نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنا عہد پورا کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ پاکستان میں مشتعل ہجوم کی جانب سے سری لنکن منیجر پریا نتھا دیاودھنا پر بہیمانہ اور جان لیوا حملے پر صدمہ پہنچا۔ متاثرہ شخص کی اہلیہ اور خاندان کے غم میں شریک ہوں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا تھا کہ سیالکوٹ میں فیکٹری میں ہجوم کی طرف سے سری لنکن منیجر کو حملے کے دوران زندہ جلانا پاکستان کے لیے باعث شرم ہے۔ میں اس واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کر رہا ہوں۔ کوئی غلطی نہ ہونے دیں، تمام ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاریاں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں