سانحہ سیالکوٹ سے پاک سری لنکا تعلقات میں کمی نہیں آئے گی

سیالکوٹ واقعے پر سری لنکا نے پاکستانی موقف اور بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

لاہور (نیوز ڈیسک) : سانحہ سیالکوٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے مابین تعلقات میں کمی نہیں آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس پنجاب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیالکوٹ کا واقعہ بہت افسوس ناک اور باعث ندامت ہے، اس پر سری لنکا نے پاکستان کے اقدامات اور تحقیقات کو سراہا ہے، واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات میں کوئی کمی نہیں آئے گی، سری لنکا سمجھتا ہے کہ پاکستان بھی اس معاملے میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ حکومت نے واقعہ میں متاثرہ خاندان سے رابطہ کیا ، متاثرہ خاندان جیسے چاہے گا ویسے ہی آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے وزیر خارجہ سے رابطہ ہوا ہے، سری لنکا سے ہمارے سفارتی تعلقات خراب نہیں ہوئے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ سیالکوٹ واقعے پر سب کو دکھ ہوا ہے، واقعے کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، وزیراعظم خود اس کی نگرانی کررہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل شام میری چین کے اہم شخص سے بات ہوئی اور تبادلہ خیال کیا، کچھ لوگ سی پیک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سیالکوٹ کے علاقہ وزیرآباد میں قائم فیکٹری کے غیرملکی منیجر پرانتھا کمار کو ملازمین نے وحشیانہ تشدد کرکے قتل کیا اور لاش کو کھینچ کر چوک تک لائے، جس کے بعد جنونی ہجوم میں شامل مشتعل افراد نے سری لنکن شہری کی لاش کو نذر آتش کردیا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سری لنکا کے وزیراعظم سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے کہا کہ سری لنکا اور عوام کو وزیراعظم عمران خان پر یقین ہے، یقین ہے عمران خان ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں گے اورانصاف قائم کریں گے۔
انہوں نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ میں پاکستان میں مشتعل ہجوم کی جانب سے سری لنکن شہری پر تشدد اور قتل کے واقعہ پر صدمے میں ہوں ۔ مقتول کے اہل خانہ سے ہمدردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں