سری لنکا اور عوام کو وزیراعظم عمران خان پر یقین ہے۔ سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے
سری لنکا (انٹرنیشنل ڈیسک) : سیالکوٹ میں پیش آنے والے دلخراش واقعہ پر سری لنکا کے وزیراعظم نے بھی رد عمل دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سری لنکا کے وزیراعظم سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے کہا کہ سری لنکا اور عوام کو وزیراعظم عمران خان پر یقین ہے، یقین ہے عمران خان ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں گے اورانصاف قائم کریں گے۔
انہوں نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ میں پاکستان میں مشتعل ہجوم کی جانب سے سری لنکن شہری پر تشدد اور قتل کے واقعہ پر صدمے میں ہوں ۔ مقتول کے اہل خانہ سے ہمدردی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز سیالکوٹ کے علاقہ وزیرآباد میں قائم فیکٹری کے غیرملکی منیجر پرانتھا کمار کو ملازمین نے وحشیانہ تشدد کرکے قتل کیا اور لاش کو کھینچ کر چوک تک لائے، جس کے بعد جنونی ہجوم میں شامل مشتعل افراد نے سری لنکن شہری کی لاش کو نذر آتش کردیا۔
سیالکوٹ میں پیش آنے والے اس انسانیت سوز واقعہ پر پاکستان کی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے سخت افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو سیالکوٹ واقعہ کی ابتدائی رپورٹ ارسال کردی گئی ، جس میں بتایا گیا کہ گرفتارفیکٹری ورکرزکا دعویٰ ہے کہ اسٹیکر پرمذہبی تحریر تھی، بادی النظرمیں اسٹیکرکوبہانہ بناکر ورکر ز نے منیجرپرحملہ کیا۔
ورکرز پہلے ہی منیجر کے ڈسپلن اورکام لینے پر غصے میں تھے، واقعےسےقبل کچھ ورکرزکوکام چوری اورڈسپلن توڑنےپرفارغ بھی کیاگیا۔ رپورٹ کے مطابق مارپیٹ کا واقعہ صبح11بجےکےقریب شروع ہوا ، 11بجکر25منٹ پرپولیس کواطلاع ملی،3 اہلکارموقع پر پہنچے، ہجوم زیادہ اورٹریفک جام ہونے پر پولیس کی نفری تاخیر سے پہنچی، واقعے کے وقت فیکٹری مالکان غائب ہوگئے۔
دوسری جانب سری لنکن منیجر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش کا نچلا حصہ اورپاؤٕں جلنے سے محفوظ رہے جبکہ مقتول کے جسم کی ہڈیاں ٹوٹی پائی گئیں۔ ذرائع نے بتایا وزرات داخلہ پنجاب نے سری لنکن سفارت خانے سے رابطہ کیا، لاش آج اسلام آباد بھجوائی جائے گی ، جس کے بعد سری لنکن سفارت خانے کے اہلکار لاش سری لنکا لے کر جائیں گے۔ اس واقعہ پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب پولیس نے بتایا کہ سیالکوٹ واقعہ کے تمام مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ سیلفی لینے، ویڈیو بنانے اور پتھر لاکر دینے والے ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔