بھارتی کسانوں نے اداکارہ کنگنا رناوت کی گاڑی کو گھیرلیا اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
ممبئی (شوبز ڈیسک) سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں بھارت کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت کو گاڑی کے اندر بیٹھی ہوئی ہیں اور ان کی گاڑی کو ہجوم نے گھیر رکھا ہے ، اس دوران پولیس مظاہرین کو گاڑی سے دور رکھنے کی کوشش کررہی ہے۔
ویڈیو میں بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں متعدد مظاہرین پر مشتمل ہجوم نے میری گاڑی کو گھیر رکھا ہے، شوٹنگ کرنے کے بعد میں جیسے ہی ہماچل سے نکلی، پنجاب میں میری گاڑی کو ہجوم نے گھیر لیا اور وہ خود کو کسان کہہ رہے ہیں۔
View this post on Instagram
A post shared by Instant Bollywood (@instantbollywood)
کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا کہ کسانوں پر مشتمل ہجوم نے مجھے گالیاں دینے کے ساتھ ساتھ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں ، اس ملک میں یہ سب کچھ سرعام ہورہا ہے کہ کوئی ہجوم کسی پر بھی حملہ آور ہوجاتا ہے۔
بھارتی اداکارہ نے اس صورتحال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا اگر میرے پاس سیکیورٹی نہ ہوتی تو کیا ہوتا اور یہاں پر کس طرح کے حالات ہوتے ، پولیس کی اتنی نفری کی موجودگی کے باوجود میری گاڑی کو نکلنے نہیں دیا جارہا تھا، اگر پولیس نہ ہوتی تو اب تک مجھ پر حملہ ہوچکا ہوتا، ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔
کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ بہت سے لوگ میرے نام پر سیاست کررہے ہیں اور یہ سب کچھ اسی کا نتیجہ ہے، کیا میں کوئی پارٹی چلاتی ہوں یا پھر میں کوئی سیاستدان ہوں جو میرے ساتھ ایسا برتاو کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل کنگنا رناوت نے ایک بیان میں سکھوں کے لیے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے تھے، اداکارہ نے کسان احتجاج کو ’خالصتانی تحریک‘ کا نام دیا اور سکھ برادری کو ’خالصتانی دہشت گرد‘ قرار دیا تھا جس پر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے متعدد بار کسانوں کو احتجاج کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنی ٹوئٹ میں کسان مظاہرین کو غلط قرار دیتے ہوئے مودی حکومت کی کھل حمایت کی۔