لاہور:(شوبز ڈیسک) سیالکوٹ میں افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، مبینہ توہین مذہب پر فیکٹری ملازمین نے تشدد کر کے سری لنکن منیجر کو قتل کر دیا اور لاش کو جلا دیا۔اس افسوسناک واقعے پر جہاں صدر، وزیراعظم، آرمی چیف، وزیراعلیٰ پنجاب و دیگر سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا وہیں شوبز شخصیات بھی شدید مذمت کے ساتھ دکھ کا اظہار کرتی دکھائی دیں۔
اداکارہ ماہرہ خان نے اس دلخراش واقعے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ سیالکوٹ واقعہ ہم سب کے لیے شرم کا مقام ہے، ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ قوم ان کی جانب دیکھ رہی ہے اور ان سے ہی سوالوں کے جواب مانگ رہی ہے۔
صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکارہ مہوش حیات بھی اس واقعے پر دکھی دکھائی دیں اور لکھا کہ میرے پاس بیان کرنے کے الفاظ نہیں ہیں،بحیثیت قوم ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں، کیا ہم واقعی ایک ایسے ملک میں رہنا چاہتے ہیں جہاں ہجوم کی حکمرانی معمول ہے اور ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے؟ ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مینشن کیا اور کہا کہ ہم اس واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کے لئے وزیراعظم کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
اداکارہ ارمینا خان نے لکھا کہ میں نے کبھی بھی کسی انسان کے لئے ایسا نہیں چاہا مگر آج میں یہ دعا کرتی ہوں کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو دنیا و آخرت میں کبھی سکون نہ ملے۔
سماجی کارکن اور ٹی وی میزبان منیہ مزاری نے دکھی دل کے ساتھ پیغام جاری کیا کہ وہ معاشرہ جہاں تشدد اور خاموشی ہو وہاں انسانیت ناکام ہو جاتی ہے۔
اداکار و ماڈل عدنان ملک نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے باعث شرم قرار دیا۔
فاطمہ بھٹو نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکومت کی خودمختاری پر بھی سوال اٹھایا۔انہوں نے ٹوئٹ کی کہ سیالکوٹ واقعہ انتہائی خوفناک ہے اور ہجوم میں شریک ہر ایک شخص پر قتل کا مقدمہ ہونا چاہیے۔