حکومت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے جج کا گھر تحویل میں لینے کا فیصلہ کر لیا

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی تاریخی رہائش گاہ کو عجائب گھر بنانے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : حکومت نے توشہ خانہ تحائف کیس کی سماعت کرنے والے جج کا گھر تحویل میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے توشہ خانہ تحائف کیس کی سماعت کرنے والے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے سوات کے گھر کو ایکوائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی تاریخی رہائش گاہ کو عجائب گھر بنانے کی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
اس ضمن میں خیبرپختونخواہ کے میوزیم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے گھر ایکوائر کرنے کا لیٹر جاری کیا گیا ہے۔ صوبائی آثار قدیمہ اور میوزیم ڈیپارٹمنٹ نے ڈپٹی کمشنر لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر سوات کو خط لکھ کر کہا کہ والی سوات نے پوری زندگی لوگوں کی بہبود کے لیے بسر کی، انہوں نے خطے میں علم کا شعور دینے ، اسکولز ،اسپتال ، سڑکیں تعمیر کرنے میں زندگی گزاری، والی سوات کی رہائش گاہ اہم ورثے کی عمارت ہے ، ہم چاہتے ہیں اس کی حفاظت کی جائے یہ عمارت سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، اس عمارت کے ذریعے وادی سوات ورثے کو بھی اُجاگر کیا جا سکتا ہے، لہٰذا گزارش ہے کہ سیکشن فور لگا کر اس کو جلدی حاصل کیا جائے۔

خیال رہے کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف کی معلومات عام شہری کو فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔ حکومت نے پاکستان انفارمیشن کمیشن کے آرڈر کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ 11 نومبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ سے وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف کی معلومات پبلک کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں ریمارکس دیے تھے کہ بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کو میوزیم میں رکھنا چاہئیے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ بیرون ملک سے ملنے والے تحائف میوزیم میں لگے ہوں تو لوگ بھی خوش ہونگے، ایک ایرانی قالین ملے تو وہ بھی میوزیم میں کیوں نہیں رکھا جانا چاہیے، پاکستان نے امریکہ کو تحفے دئیے تو انہوں نے سنٹر میں محفوظ کئے، دوسرے ممالک سے ملنے والے تحائف میوزیم میں لگے ہوں تو لوگ بھی خوش ہوں گے، بہت ساری چیزوں کی تاریخی اہمیت ہوتی ہے، اگر یہ کام شروع ہوجائے تو تحائف منظرعام پر آنے سے لوگ خوش ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں