سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کو ہرانا آسان نہیں ہو گا

لاہور (ابیورو رپورٹ) سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا سینیٹ انتخابات پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ انتخابات میں جیت جائیں لیکن میں نہیں سمجھتا کہ حفیظ شیخ کو ہرانا آسان ہو گا۔حکومت کے بہت وسائل ہوتے ہیں۔ایک ایک ایم این اے پر کام ہو رہا ہے۔ظاہر سی بات ہے یوسف رضا گیلانی کے پاس وہ وسائل نہیں ہیں جو حفیظ شیخ کو میسر ہوں گے۔
بے شک یوسف رضا گیلانی کے ذاتی تعلقات موجود ہیں لیکن دس ووٹ جیتنا ان کے مشکل ہو گا،اور اگر ایسی تبدیلی آ جاتی ہے تو عمران خان کا اقتدار میں رہنا مشکل ہو گا۔اس لیے حکومت پورا زور لگائے گی کہ ایسا نہ ہو۔جو الیکشن کمیشن کا حالیہ فیصلہ آیا ہے اس سے بھی تحریک انصاف کے اندر مایوسی پھیلے گی۔
پی ٹی آئی کا 23 پولنگ اسٹیشن پر انتخابات دوبارہ کرانے کا مطالبہ نہیں مانا گیا اور بہت عرصے بعد ایسا فیصلہ آیا ہے جو پی ٹی آئی کے خلاف آیا ہے کیونکہ اس سے قبل عدالتوں کے فیصلے اپوزیشن کے خلاف آئے ہیں۔

اگر سینیٹ انتخابات میں بھی ایسی کوشش کی جائے گی تو پکڑے جائیں گے اور جو پکڑا جائے اس کی بے عزتی ہو گی۔یہاں واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن کا انعقاد 3 مارچ کو ہوگا، الیکشن کمیشن کی جانب سے باقاعدہ شیڈول جاری کیا جا چکا۔ سینیٹ الیکشن میں 3 بڑی سیاسی جماعتوں، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ صوبوں میں تینوں جماعتوں کی پوزیشن دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ تحریک انصاف 3 مارچ کے الیکشن کے نتیجے میں ایوان کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی، جبکہ پیپلز پارٹی دوسری اور ن لیگ تیسری بڑی جماعت ہوگی۔
سینیٹ الیکشن کے دوران سب سے اہم مقابلہ تحریک انصاف کے حفیظ شیخ اور پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے درمیان ہوگا۔ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کو شکست دے کر اپ سیٹ کریں گے، کئی حکومتی اراکین اسمبلی بھی اپوزیشن کے امیدوار کی حمایت کریں گے۔ جبکہ تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے دعوے بے بنیاد ہیں، سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی ہی فتح ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں