لاہور میں بچے کو اغوا کرنے والی خاتون خود اغوا ہو گئی

پولیس نے خاتون کو ٹریس کرکے 2 سال کے بچے کو بھی بازیاب کروالیا

لاہور (کرائم ڈیسک) : لاہور میں کم سن بچے کو اغوا کرنے والی خاتون خود ہی اغوا ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ شاد باغ سے اغوا کار خاتون خود بھی اغوا ہو گئی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی اور خاتون کو ٹریس کرکے 2 سال کے بچے کو بھی بازیاب کروالیا۔ پولیس کے مطابق اغوا ہوئی خاتون نائلہ بی بی خود بھی اغوا کار تھی، خاتون کے اغوا کا مقدمہ تھانہ شاد باغ میں درج ہوا جس کے بعد پولیس نے خاتون اور ملزم فاروق اعجاز کو ٹریس کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اور ملزم فاروق سے باغبانپورہ سے اغوا ہونے والا بچہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ دونوں نے 2 سالہ عبدالرحمٰن کو اغوا کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے مغوی بچے عبدالرحمٰن کو بحفاظت والدین کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ لاہور کے علاقہ باغبانپورہ سے دو سالہ بچہ اغوا ہو گیا تھا جس کے بعد بچے کے والد نے پولیس سے رجوع کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے والد کی جانب سے تھانہ باغبانپورہ میں اغوا کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔دوسری جانب صوبائی دارالحکومت میں اغوا کے مقدمات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اغوا کی وارداتیں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ہوئیں جہاں سے دو لڑکیوں اور 7 افراد کو اغوا کیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن اور گوجر پورہ سے دو لڑکیوں کو اغوا کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقوں ملت پارک،گلشن اقبال، چوہنگ، رائے ونڈ ،فیکٹری ایریا، ساندہ اورگرین ٹاؤن سے7 افراد کو اغوا کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اغوا کے تمام واقعات کے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ پولیس ان تمام مقدمات میں نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے اور مغویوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن قدامات کرے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں