جنوبی افریقہ کے دورے کے لئے بی سی سی آئی نے اتوار تک کی ڈیڈ لائن دے دی

بھارتی کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے لئے ٹیم کے دورے کے حوالے سے اتوار تک کی ڈیڈ لائن دے دی۔

نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک) بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ((BCCI نے انڈین کرکٹ ٹیم کے شیڈولڈ دورے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کر دیا ہے، اور جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ کو ٹیم کے دورے کے حوالے سے اتوار تک فیصلہ کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت انڈین ٹیم کو سیریز کے لئے جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا ہے، جس کا پہلا ٹیسٹ میچ 17 دسمبر سے جوہانسبرگ میں شروع ہو گا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے نئے جنوبی افریقن ویرئینٹ اومیکرون کی وجہ سے جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ سے اتوار تک مہلت مانگ لی ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے جانب سے کورونا کی نئی صحت ایڈوائزری اور مختلف ممالک کی جانب سے جنوبی افریقہ کے لئے فضائی سروس معطل کرنے کے بعد بھارت بھی سیریز سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کھلاڑیوں کی حفاظت کے حوالے سے کافی الرٹ ہے ، اور بی سی سی آئی اس سیریز کو کچھ عرصے کے لئے منسوخ کرنے پر سوچ رہا ہے۔
واضح رہے کہ فیوچر ٹور پروگرام کے تحت بھارتی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز ، 3 ون ڈے میچز اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔

جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے لئے بھارتی کرکٹ ٹیم کی آمد سے کافی مالی فائدہ ہو گا، کیونکہ جنوبی افریقہ کو رگبی سے 330 ملین انڈین روپے کی آمدنی ہوتی ہے جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورے سے ایک اندازے کے مطابق کرکٹ بورڈ کو 700 ملین انڈین روپے کی خطیر آمدنی متوقع ہے۔
انڈیا کی اے ٹیم پہلے ہی جنوبی افریقہ میں موجود ہے جو وہاں تین غیر سرکاری ٹیسٹ میچز کھیل رہی ہے جس کی 6 دسمبر کو بھارت واپسی ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں