کراچی: (کامرس ڈیسک) انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا، 176 روپے 90 پیسے پر لین دین ہوا۔ سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان ہے۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر کی اونچی اڑان ،پاکستانی روپے کے مقابلے قدر میں 48 پیسے اضافے سے 176 روپے 90 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں مزید مندی کا رجحان رہا، 238 پوائنٹس کمی سے 100 انڈیکس 43 ہزار 557 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ ہوا۔
گذشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو تین کھرب سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا ، 100 انڈیکس میں 2134.99 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی اور 45 ہزار اور 44 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئیں اور 100 انڈیکس 43234.15 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ امریکی کرنسی کی قدر میں 94 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 175 روپے 48 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 42 پیسے ہو گئی تھی۔