صوبوں کی جانب سے سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں معمولی کمی

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) صوبوں کی جانب سے سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں معمولی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے اس حوالے سے جاری اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تاستمبر )میں صوبوں کی جانب سے سٹیمپ ڈیوٹی کی مدمیں 14 ارب، 63 کروڑ، 40 لاکھ روپے وصول کئے گئے جو گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں کم ہیں، گزشتہ سہ ماہی (اپریل تاجون)میں سٹیمپ ڈیوٹی کی مدمیں صوبوں کو 14 ارب ، 92 کروڑ، 80 لاکھ روپے موصول ہوئے تھے۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پنجاب میں سٹیمپ ڈیوٹی کی مدمیں 10 ارب، 35 کروڑ، 40 لاکھ روپے، سندھ میں 3 ارب، 32 کروڑ، 60 لاکھ روپے، خیبرپختونخوا میں 88 کروڑ اور بلوچستان میں 7 کروڑ، 50 لاکھ روپے موصول ہوئے، گزشتہ مالی سال کے دوران سٹیمپ ڈیوٹی کی مدمیں صوبوں کو مجموعی طورپر55 ارب، 21 کروڑ، 70 لاکھ روپے موصول ہوئے تھے۔گزشتہ مالی سال میں پنجاب میں سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں 38 ارب، 36 کروڑ، 90 لاکھ روپے، سندھ میں 12 ارب، 77 کروڑ، 40 لاکھ روپے، خیبرپختونخوا میں 3 ارب، 55 کروڑ، 10 لاکھ روپے اوربلوچستان میں 52 کروڑ، 30 لاکھ روپے موصول ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں