اسلام آباد:(نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ نے میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاہو رہائیکورٹ کے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لازم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی نجی میڈیکل کالج ایم ڈی کیٹ سے راہ فراراختیار نہیں کر سکتا۔
عدالت نے میڈیکل کے طلباء کی درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے دائر اپیلیں خارج کر دیں۔ پانچ صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا۔
اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہاکہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کو قانونی تحفظ حاصل ہے، نجی میڈیکل کالجز کے داخلے کیلئے بنائے گئے طریقہ کار کا ایم ڈی کیٹ سے تعلق نہیں،ایم ڈی کیٹ قانونی تقاضا ہے، باقی تمام ٹیسٹ نجی کالجز کے اپنے ہیں،کوئی نجی میڈیکل کالج ایم ڈی کیٹ سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتا۔