ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی شہر ‘نیوم’ میں فضائی ٹیکسیاں چلانے کے لیے جرمن کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں نیوم سٹی کے نام سے جدید ترین شہر بسایا جارہا ہے، جہاں کی فضاؤں میں ڈرون کی طرز پر ہوائی ٹیکسیاں بھی نظر آئیں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ وولو کاپٹر نامی جرمنی کمپنی کا نیوم سٹی سے معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت شہر کے اندر دنیا کی پہلی نقل وحمل کی ترقی وولوکاپٹر کی بدولت دیکھی جائے گی۔
نیوم سٹی کی جانب سے 15 وولوکاپٹر ڈرون کی طرز کے ائیرکرافٹ کا آرڈر دیا گیا ہے تاکہ آئندہ دو سے تین برسوں میں اس طرح کی جدید پروازوں کا آغاز کیا جا سکے۔شہری ان ٹیکسیوں کو ہنگامی بنیادوں کے لیے استعمال کرسکیں گے، یہ سیاحوں کو بھی اپنی خدمات فراہم کریں گی۔ نیوم کے چیف ایگزیکٹیو افسر نظمی النصر کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹیشن سسٹم میں جدیدیت چاہتے ہیں، اس منصوبے کے ذریعے دنیا کو دکھائیں گے کہ نیوم ایک مثالی شہر ہے۔