اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی 21 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ادارہ شماریات پاکستان نے مہنگائی کے ماہانہ اعدادوشمار جاری کردیئے، نومبر میں مہنگائی کی شرح میں 2.98 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ماہ نومبر میں مہنگائی کی شرح11.53 فیصد تک پہنچ گئی تاہم جولائی سے نومبر میں مہنگائی کی شرح 9.32 فیصد رہی، جبکہ ماہ اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 9.2 فیصد تھی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں مہنگائی کی شرح 8.3 فیصد تھی۔
شہروں میں مہنگائی کی شرح 12 فیصد اور دیہاتوں میں مہنگائی 10.9 فیصد رہی، اشیاء ضروریہ کی حساس قیمتوں کے اعشاریہ 18.1 فیصد تک پہنچ گئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ میں ٹماٹرکی قیمت میں 131 فیصد ، خوردنی گھی کی قیمت میں 11 اور سبزیاں کی قیمت میں 10.47 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔جبکہ انڈے 10، آلو 8.85، شہید 5.61، پھل اور دالیں 4 فیصد مہنگی ہوئیں، دوسری جانب ایک ماہ میں پیاز 8 فیصد، چکن 4.34 اور دال مونگ 0.69 فیصد سستی ہوگئی ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں گھی کی قیمت میں 58.29 فیصد کا اضافہ ہوا، خوردنی تیل کی قیمت میں 53.59 فیصد اضافہ ہوا، ایک سال میں بجلی کی قیمت میں 47.87 فیصد اضافہ ہوا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک سال میں 40.81 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ادویات کی قیمتوں میں بھی ایک سال میں 11.76 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔