اومی کرون کے خلاف فائزر ویکسین موثر کام کرے گی، فائزر کمپنی کا دعوی

نیو یارک:(انٹرنیشنل ڈیسک) فائزر ویکسین کے سی ای او نے دعوی کیا ہے کہ ان کی کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے خلاف موثر کام کرے گی۔خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی فائزر کے سی ای او البرٹ بورلا کا کہنا ہے کہ مجھے اعتماد ہے کہ فائزر ویکسین تمام میوٹیشنز کے خلاف موثر کام کرے گی جن میں اومی کرون بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق البرٹ بورلا کا کہنا تھا کہ ہم دیگر ادویات پر بھی کام کریں گے کیونکہ ہوسکتا ہے کہ کبھی کوئی قسم دوا کے خلاف مزاحمت کرنے لگے۔

رپورٹ کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ فائزر نے کھانے والی دوا کو اس طرح ڈیزائن کیا ہے کہ وہ اس وائرس میں میوٹیشن کے باوجود موثر کام کرے، ان کا مزید وضاحت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی دوا بذات خود وائرس پر حملہ نہیں کرتی جبکہ وائرس کے نقول بنانے والے ازائمے کو بلاک کرتی ہے۔

واضح رہے فائزر ویکسین کے سی ای او کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب موڈرنا کے سی ای او کا انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی دستیاب ویکسین جتنی ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف موثر تھیں اتنا اس نئی قسم کے لیے ہونے کا امکان نہیں ہے۔
موڈرنا کے سی ای او کا کہنا تھا کہ اس بارے میں بات کرنے سے پہلے اعداد و شمار کی طرف نظر ڈالنا ضروری ہے، تاہم تمام سائنسدان جن سے میں نے بات کی ان سب کا کہنا ہے کہ ’یہ اچھا نہیں ہوگا‘۔

خیال رہے کہ ماہرین اس نئے ویرینٹ کا مشاہدہ کرنے پر دنگ رہ گئے ہیں کیونکہ انہوں نے اس سے قبل کورونا کی اتنی خطرناک قسم نہیں دیکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں