گلاسگو کانفرنس کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے اہم فیصلہ کر لیا

ریاض فتیانہ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی رکنیت بھی خطرے میں پڑ گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : گلاسگو کانفرنس کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت زرتاج گل اور ملک امین اسلم کے درمیان گلاسگو کانفرنس میں لڑائی کے بے بنیاد الزام پر وزیراعظم نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے ذرائع کے مطابق وزیر مملکت زرتاج گل اور ملک امین اسلم کے درمیان گلاسگو کانفرنس میں لڑائی کے بے بنیاد الزام پر وزیراعظم نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پبلک اکاونٹس کمیٹی میں حکومتی ارکان کی فہرست پر نظر ثانی کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ممبران کی تفصیلات طلب کرلی ، جس کے بعد اب وزیر اعظم پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ارکان کی فہرست کا خود جائزہ لیں گے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر مملکت زرتاج گل اور ملک امین اسلم کے درمیان لڑائی کی خبروں پر ریاض فتیانہ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی رکنیت بھی خطرے میں پڑ گئی جبکہ ریاض فتیانہ کو پارٹی کی احتساب و انضباطی کمیٹی کی جانب سے تحقیقات کا بھی سامنا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ریاض فتیانہ نے انکشاف کیا کہ وزیر مملکت زرتاج گل اور امین اسلم کے درمیان کانفرنس میں لڑائی ہوئی،زرتاج گل امین اسلم کے ساتھ لڑ کر وطن واپس آ گئیں ،گلاسکو کانفرنس میں افسران کی نااہلی کے باعث پاکستان کی نمائندگی غیر معیاری تھی۔ انہوں نے کہاکہ نیپال اور دوسرے ممالک کے وفد کو پاکستان کیمپ میں کسی افسر نے ریسیو نہیں کیا۔
چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے نااہل افسران کے باعث قومی خزانے کا کروڑوں روپے ضائع ہوا۔چیئرمین کمیٹی رانا تنویر حسین نے آڈٹ حکام کو تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ ملک امین اسلم نے حکومتی وزراء کے درمیان گلاسکو میں جھگڑے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا تھا اور ملک امین اسلم نے جھگڑے کی خبروں کے بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کے خلاف پارٹی کے انضباطی ونگ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بعدازاں پی ٹی آئی نے ریاض فتیانہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ جبکہ گذشتہ روز اپنے بیان میں ریاض فتیانہ نے کہا کہ میں نے کہا کہ گلاسگو میں زرتاج گل اور امین اسلم کے درمیان لڑائی ہوئی، لہٰذا میں اپنے مؤقف پر قائم ہوں۔ ریاض فتیانہ نے پارٹی کی جانب سے جاری کردہ شوکاز نوٹس کا جواب دینے کا بھی فیصلہ کیا ۔انہوں نے زرتاج گل اور امین اسلم کے درمیان لڑائی کے دو گواہ بھی سامنے لانے کا اعلان کیا اور کہا کہ روبینہ خورشید عالم اور شزہ فاطمہ بھی کانفرنس میں موجود تھیں۔پارٹی سے فارغ کرنا ہے تو کر دیں، بے عزتی برداشت نہیں کروں گا، حقیقت سامنے لاؤں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں