ووٹنگ کا قانون بن گیا، اب الیکشن الیکٹرونک مشینوں کے ذریعے ہونگے: شیخ رشید

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) شیخ رشید نے کہا ہے کہ ووٹنگ کا قانون بن گیا ہے، اب الیکشن الیکٹرونک مشینوں کے ذریعے ہوں گے، بدقسمتی سے لوگ باتیں زیادہ، کام کم کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی تحریک نہیں ہے، ساڑھے 3 سال گزر گئے، اگلے سال بلدیاتی الیکشن ہوں گے پھر عام انتخابات کا ڈھول بج جائے گا، عمران خان خوش نصیب ہیں انہیں نکمی اپوزیشن ملی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی آئی ایم ایف سے بھی زیادہ پیسہ ملک میں بھیجتے ہیں، پاکستان کے 40 حلقوں میں الیکشن کا فیصلہ اوورسیز ووٹ سے ہوگا، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ جب پی ٹی آئی کو پڑیں گے، اپوزیشن پھر روئے گی کہ دھاندلی ہوئی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مہنگائی ہے، اس کا حل تلاش کرنا ہے، مہنگائی تنخواہ دار طبقے کو براہ راست متاثر کر رہی ہے، سعودی عرب سے پاکستان کا لازوال رشتہ ہے، سعودیہ نے مشکل حالات میں قرض دیا، جس پر اس کے مشکور ہیں، چین بھی پاکستان کی معاشی مشکلات کم کرنے میں معاونت کر رہا ہے، چین پاکستان کا ہمالیہ سے بلند دوست ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں