نیب پراسیکیوٹر کے عہدے سے استعفٰی ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا۔ رضوان احمد
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : ایون فیلڈ اور جعلی اکاونٹس کیسز میں نیب پراسیکیوٹر رضوان احمد نے عہدے سے استعفٰی دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ اور جعلی اکاونٹس کیسز میں نیب پراسیکیوٹر بیرسٹر رضوان احمد عہدے سے مستعفی ہوگئے ۔ یرسٹر رضوان احمد اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب کے اہم مقدمات کی پیروی کررہے تھے، جب کہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر بنی نیب ٹیم کے رکن بھی تھے۔
رضوان احمد ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیلوں پر بھی نیب کی نمائندگی کررہے تھے اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں جعلی اکاؤنٹس کیسز میں بھی پیش ہورہے تھے۔ بیرسٹر رضوان احمد نے مجموعی طور پر 270 مقدمات میں نیب کی نمائندگی کی۔ تاہم اب اسپیشل پراسیکیوٹر نیب بیرسٹر رضوان احمد نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے دیا۔
یاد رہے کہ 6 جولائی 2018ء کو شریف خاندان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال جبکہ داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف پر 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ اس وقت نیب پراسیکیوٹر بیرسٹر رضوان احمد ہی تھے جنہوں نے ان کیسز کی پیروی کی تھی۔