موٹروے کا غیر قانونی استعمال، متعدد افراد گرفتار

موٹروے پولیس کی کاروائی میں ایم 9 پر موٹر سائیکل ریس لگانے والے 8 افراد گرفتار کر لیے گئے

کراچی (کرائم ڈیسک) موٹروے کا غیر قانونی استعمال، متعدد افراد گرفتار، موٹروے پولیس کی کاروائی میں ایم 9 پر موٹر سائیکل ریس لگانے والے 8 افراد گرفتار کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کی جانب سے منگل کے روز ایم 9 موٹروے کراچی تا حیدرآباد سیکشن پر ریس لگانے والے موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کاروائی گئی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم 9 پر موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ریسنگ کرنے کا معاملہ علم میں آنے کے بعد آئی جی موٹروے نے کاروائی کا حکم دیا تھا۔ آئی جی موٹروے کے احکامات کے بعد راچی تا حیدرآباد سیکشن پر تعینات اہلکاروں نے ایم 9 پر کریک ڈاون کیا اور غیر قانونی طور پر موٹروے پر ریسنگ کرنے والے 8 افراد کو گرفتار کر لیا۔ موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 9 پر ریس لگانے والے افراد کی خبر موصول ہوئی۔

اطلاعات ملیں کہ ریس لگانے والے تمام افراد ایک مخصوص مقام پرجمع ہورہے تھے۔ ان اطلاعات کے ملنے کے بعد فوری طور پرتمام پیٹرولنگ موبائلز کو الرٹ کردیا گیا اور جیسے ہی موٹر سائیکل سوار ایم 9 پر آئے تو ان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ ترجمان موٹروے کے مطابق ریسرز کیساتھ 3گاڑیاں بھی موجود تھیں، یہ گاڑیاں ریس لگانے والے موٹرسائیکل سواروں کو کور دے کر چل رہی تھیں ۔ اس کاروائی کے بعد گرفتار کیے گئے تمام افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں موٹروے کے کسی بھی حصے پر ہیوی انجن والی مخصوص موٹرسائیکلوں کے علاوہ کسی موٹرسائیکل، رکشہ یا سائیکل سوار کو داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں