بھارت میں 66 سال کے دوران پہلی مرتبہ کسی خاتون کو پھانسی دینے کی تیاریاں

نئی دہلی (میڈیا رپورٹ) بھارت میں 66 سال کے دوران پہلی مرتبہ کسی خاتون کو پھانسی دینے کی تیاریاں۔ تفصیلات کے بھارت میں ان دنوں ایک کیس باعث بحث بنا ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارت کی تاریخ میں دوسری مرتبہ کسی خاتون کو پھانسی کی سزا دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ بھارت میں آخری مرتبہ 1955 میں 3 بچیوں کے قتل میں ملوث خاتون کو پھانسی کی سزا دی گئی تھی، تاہم اس کے بعد 66 سال کے دوران آج تک کسی خاتون کو پھانسی کی سزا نہیں دی گئی۔
تاہم اب 12 سال قبل بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر امروہا میں پیش آئے قتل و غارت کے خوفناک واقعے میں ملوث 38 سالہ شبنم نامی مسلمان خاتون ٹیچر کو پھانسی کی سزا دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 12 سال قبل 2008 میں شبنم نامی مسلمان خاتون ٹیچر نے پسند کی شادی کی اجازت نہ ملنے پر سلیم نامی عاشق کیساتھ مل کر خاندان کے 7 افراد کو ذبح کر ڈالا تھا۔
شبنم اور سلیم ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے جبکہ انہوں نے ناجائز تعلقات بھی قائم کر رکھے تھے۔ ان ناجائز تعلقات کے نتیجے میں شبنم حاملہ ہوگئی جس کے بعد دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم شبنم کے اہل خانہ نے سلیم کے خاندانی بیک گراونڈ کو بنیاد بنا کر اس رشتے سے انکار کر دیا۔ اہل خانہ کے اس فیصلے سے دلبرداشتہ شبنم نے پھر اپنے عاشق سلیم کیساتھ مل کر ایک رات اپنے والدین، بھائیوں اور بھابھیوں کو پہلے نشہ آور دوا پلا کر بے ہوش کیا، پھر کلہاڑی کیساتھ گھر کے تمام افراد کو بے دردی سے ذبح کر ڈالا تھا۔
واردات نے اس وقت پورے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا تھا، جبکہ پولیس دونوں قاتلوں کو گرفتار کرنے میں بھی کامیاب ہوگئی تھی۔ بعد ازاں عدالت میں دونوں پر قتل و غارت کا جرم ثابت ہوا اور انہیں 2010 میں پھانسی کی سزا سنائی گئی۔ شبنم اور سلیم کے ہاں دوران قید ہی بیٹے کی پیدائش ہوئی۔ بیٹا اپنی ماں کیساتھ 6 سال تک جیل میں ہی رہا، تاہم بعد ازاں قوانین کے تحت بچے کو ماں سے الگ کر کے یتیم خانے منتقل کر دیا گیا۔
شبنم اور سلیم کی پھانسی کی سزا رکوانے کیلئے متعدد کوششیں کی گئیں۔ کبھی اعلیٰ عدالتوں تو کبھی ریاستی گورنر اور بھارتی صدر سے عام معافی کی درخواست کی گئی، تاہم پھانسی کی سزا کے خاتمے کی کوئی کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔ اب شبنم اور سلیم کے 12 سالہ بیٹے کی جانب سے بھی ریاستی گورنر اور صدر سے عام معافی دینے کی اپیل کی گئی، جسے مسترد کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شبنم اور سلیم کو پھانسی پر لٹکانے کی حتمی تاریخ کا اعلان تو نہیں کیا گیا، تاہم انہیں جلد سے جلد سزائے موت دینے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں