ممبئی (شوبز ڈیسک) انڈیا کے سٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کا شو پولیس نے منسوخ کر دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منور فاروقی آج بنگلور میں ایک شو کرنے والے تھے لیکن پولیس نے اعتراضات اٹھاتے ہوئے ان کا یہ شو روک دیا ہے۔
Nafrat jeet hai, Artist haar gaya.
Im done! Goodbye! INJUSTICE pic.twitter.com/la4xmaeQ0C
— munawar faruqui (@munawar0018) November 28, 2021
تاہم اس ہی وجوہات کی بنا پر پولیس نے امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی خلاف ورزی کے خدشے کے باعث منور فاروقی کا شو منسوخ کیا ہے۔
اس حوالے سے پولیس افسر نے کہا کہ منتظمین کو زبانی اور تحریری طور پر اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہیں اور پولیس کے نوٹس پر عمل کریں گے۔
ساتھ ہی منور فاروقی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اس حوالے سے ایک پوسٹ کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ آج کا بنگلور شو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ اس شو کے لیے 600 سے زیاہ ٹکٹ فروخت کیے گئے تھے۔
انھوں نے پرشکوہ انداز میں یہ بھی لکھا کہ ’مجھے اس مذاق کے لیے جیل میں ڈالنا جو میں نے کیا ہی نہیں تھا اور وہ شو منسوخ کرنا جس میں کوئی مسئلہ نہیں، نا انصافی ہے۔‘
منور فاروقی نے یہ بھی لکھا کہ گذشتہ دو ماہ میں جگہ اور مداحوں کو درپیش خطرے کی وجہ سے 12 شو کینسل کیے گئے۔
اپنی ٹویٹ میں انھوں نے مزید لکھا ان کی نفرت کا بہانہ بن گیا ہوں، ہنسا کر کتنوں کا سہارا بن گیا ہوں، ٹوٹنے پر ان کی خواہش پوری ہو گی۔ صحیح کہتے ہیں میں ستارہ بن گیا ہوں۔
اپنی پوسٹ کے اختتم میں لکھا کہ میرا خیال ہے یہ اختتام ہے، میرا نام منور فاروقی ہے۔ وہ میرا وقت تھا اور آپ دیکھنے والے زبردست تھے۔ خدا حافظ! اب میری بس ہو چکی ہے۔
یاد رہے کہ گجرات سے تعلق رکھنے والے منور فاروقی کو اندور پولیس نے اس سال کے شروع میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد وہ ایک ماہ سے زیادہ جیل میں رہے۔
کامیڈین منور فاروقی کو اندور پولیس نے یکم جنوری کو گرفتار کیا تھا ان کے علاوہ چار دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ان سبھی پر ہندو دیوی دیوتاؤں اور وزیر داخلہ امیت شاہ پر نازیبا تبصرہ کرنے کا الزام تھا۔
منور فاروقی کے خلاف اتر پردیش میں بھی مقدمہ درج ہے۔ 19 اپریل 2020 کو پیشے کے اعتبار سے وکیل اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے کارکن آشوتوش مشرا نے منور فاروقی کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔
اس میں ان پر مذہبی جذبات بھڑکانے کا الزام لگایا گیا تھا۔
ان پر سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو میں ہندو دیوتاؤں اور گودھرا ٹرین سانحے کے متاثرین کا مذاق اڑانے کا الزام تھا۔
منور فاروقی کون ہیں؟
منور فاروقی ایک خوش مزاج مسکراتے شخص معلوم ہوتے ہیں اور ابھی ان کی اپنی شخصیت میں بھی مزید نکھار آ رہا ہے۔
وہ جدید انڈیا کی حقیقتوں میں اپنے لطیفے ڈھونڈتے ہیں اور اکثر تلخ زبان استعمال کرتے ہیں۔ وہ تمام مذاہب کا مذاق اڑاتے ہیں۔
یوٹیوب پر ان کے پانچ لاکھ سے زیادہ فالور ہیں اور انسٹاگرام پر وہ تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ انڈیا میں ہر سماجی روابط کی ویب سائٹ ایک ڈیٹنگ پلیٹ فارم بن جاتا ہے۔
واضح رہے کہ شو کے منتظمین کو دیے گئے نوٹس میں پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ منور فاروقی ایک متنازع شخص ہیں۔ وہ دوسرے مذاہب کے دیوتاؤں کے بارے میں متنازع بیانات دیتے ہیں۔