43

بلوچستان سے تحریک انصاف کے واحد امیدوار نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیئے..

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان عوامی پارٹی سے اتحاد کے بعد بلوچستان سے تحریک انصاف کے واحد امیدوار نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان سے تحریک انصاف کے واحد امیدوار ظہور آغا سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری دن پی ٹی آئی امیدوار ظہور آغا نے جنرل نشت پر کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لئے الیکشن کمیشن کے دفتر میں درخواست جمع کرادی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ظہور آغا ریٹرننگ آفیسر کے سامنے خود بھی پیش ہوئے اور بلوچستان عوامی پارٹی کے حق میں دستبردار ہوئے۔ بلوچستان عوامی پارٹی اس وقت آزاد امیدوار عبدلقادر کی حمایت کررہی ہے۔ عبدالقادر سینیٹ انتخابات کے لیے پہلے ہی متنازع ہو چکے ہیں، انہیں پہلے پی ٹی آئی کی جانب سے ٹکٹ دیا گیا تاہم بعدازاں پی ٹی آئی بلوچستان کے امیدواروں کی مخالفت کے بعد ان سے ٹکٹ واپس لے لیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایای گیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں تحریک انصاف کی 7 جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے 24 ارکان ہیں۔ جے یو آئی کے 11، بلوچستان نیشنل پارٹی کے 10, عوامی نیشنل پارٹی کے 4، ہزار ڈیموکریٹک پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے دو دو، جموری وطن پارٹی اور پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی اور مسلم لیگ نون کا ایک ایک رکن جبکہ ایک آزاد رکن ہیں۔
بلوچستان کی بارہ نشستوں پر اب 32 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری روز خیبرپختونخوا سے 16 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اب 12 نشستوں پر 25 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔اس سے قبل پنجاب میں سینیٹ انتخابات میں تمام 11 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں، کامیاب امیدواروں میں 6 تحریک انصاف اور 5 مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدوار شامل ہیں، الیکشن کمیشن ان امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کل جاری کردے گا۔
پنجاب میں سینیٹ کی خالی نشستوں پر انتخابات میں تمام 11 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ الیکشن کمیشن پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی تمام خالی نشستوں پر حصہ لینے والے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔ان میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کے ٹیکنوکریٹس اورجنرل نشستوں پر تمام جماعتوں کے امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ ان میں سید علی ظفر، ڈاکٹر زرقا، سعدیہ عباسی، عرفان الحق صدیقی، ساجد میر، اعظم نذیر تارڑ، اعجاز چوہدری، عون عباس اور کامل علی آغا بھی کامیاب ہونے والوں میں شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں