مسلم کلب چمن نے بلوچ کلب کوئٹہ کو ہرا کر یوفون فور جی بلوچستان فٹ بال کپ جیت لیا

کوئٹہ(سپورٹس ڈیسک) مسلم کلب چمن نے بلوچ کلب کوئٹہ کو فائنل میچ میں شکست دے کر یوفون فور جی بلوچستان فٹ بال کپ ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔ فائنل کا سنسنی خیز مقابلہ ہزاروں فٹ بال شائقین نے ایوب اسٹیڈیم میں دیکھا جبکہ ملک بھر میں موجود لاکھوں دیگر شائقین نے یہ مناظر براہ راست پی ٹی وی اسپورٹس پر دیکھے۔
کلب چمن نے آغاز ہی سے میچ پر اپنی گرفت بنائے رکھی۔ مسلم کلب چمن کے کھلاڑی محمد حنیف نے میچ کے ساتویں منٹ میں ہی مخالف ٹیم کی دفاعی لائن عبور کرتے ہوئے گول اسکو ر کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ میچ کے آغاز ہی میں ہونے والے گول سے بلوچ کلب کوئٹہ کے اعتماد کو زک پہنچی جبکہ کھیل پر مسلم کلب کی گرفت مستحکم ہوئی ۔ بلوچ کلب نے باربار دفاعی حکمت عملی کی بجائے جارحانہ رویہ اختیار کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہیں ہوئی۔

میچ کے سڑسٹھویں منٹ میں محمد حنیف ہی نے حریف ٹیم کے دفاعی کھلاڑی کی غلطی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کو ایک بار پھر گول پوسٹ کے پار پہنچا کر مسلم کلب چمن کو برتری کو مزید مستحکم کردیا۔ بلوچ کلب نے میچ کے اختتامی لمحات میں جارحانہ کھیل کے ذریعے میچ کو اپنے حق میں موڑنے کی کوشش کی مگر ناکام رہی اور یوں فائنل میچ مسلم کلب چمن نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
میچ کے بعد انعامات کی تقسیم کے لیے ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں فاتح ٹیم، رنراپ، سیمی فائنلسٹ اور کوارٹر فائنلسٹ ٹیموں کو نقد انعامات اور میڈلز سے نوازا گیا۔ مسلم کلب چمن کے کپتان نے جب چیمپئن ٹرافی فضا میں بلند کی تو ٹیم کے حامیوں نے تالیوں، سیٹیوں اور پرجوش نعروں سے فتح کا خیر مقدم کیا۔ فائنل میچ میں علاقائی رقص و موسیقی اور شاندار آتش بازی کے ذریعے بھی فٹ بال شائقین کو محظوظ کیا گیا۔ حاضرین نے خاص طور پر ہاف ٹائم کے دوران اظہارعلی اور ایسٹ دی بینڈ کی پرفارمنس کو خوب سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں