سنیئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے وزارت سے استعفی دے دیا

اپنے نیوز چینل کے حوالے سے غیر جانبداری قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے میرے پاس کوئی حکومتی عہدہ نہ ہو،وزیراعظم کو بھی قائل کر لیا ہے۔عبدالعلیم خان کا ٹویٹ

لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت کے سنیئر وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے وزارت سے استعفی دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما علیم خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے آج ہونے والی ملاقات میں اُنہیں قائل کیا ہے کہ اپنے نیوز چینل سماء نیوز کے حوالے سے غیر جانبداری قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ میرے پاس کوئی حکومتی عہدہ نہ ہو لہذا بطور سینئر وزیر خوراک حکومت پنجاب اب میرا استعفی قبول فرما لیں۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم کا ممنون ہوں کہ انہوں نے میری گزارش قبول کر لی ہے۔میں اپنا استفعیٰ وزیراعلیٰ کو بھجوا رہا ہوں۔ اس سے قبل 11ستمبر2021ء کو بھی بتایا گیا تھا کہ سینئر صوبائی وزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے وزارت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

علیم خان نے استعفے میں مئوقف اپنایا کہ ذاتی مصروفیات کی بناء پر وزارت نہیں سنبھال سکتا، اس لیے استعفا قبول کیا جائے۔

سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیراعظم سے 6ماہ پہلے ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں مستعفی ہونے کی اجازت مانگی تھی ، وزیراعظم نے مجھے انتظار کرنے کا کہا تھا، وزیراعظم کو بتایا تھا کہ میں ذاتی مصروفیات کی بناء پر ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتا، وزیراعظم جب بھی منظوری دیں گے میں کابینہ سے مستعفی ہوجاؤں گا، ابھی میں بطور وزیر کام کررہا ہوں۔
واضح رہے کہ علیم خان کا نام پنڈورا لیکس میں بھی آیا تھا۔ پنڈورا لیکس میں نام آنے پر صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے وضاحت پیش کی تھی۔ صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے کہا کہ ہر دفعہ ان کی ایک ہی کمپنی کو آف شور لیکس قرار دے دیا جاتا ہے۔ آئی سی آئی جے کی جانب سے علیم خان کے نام آف شور کمپنی ظاہر کرنے پر پنجاب کے سینیئر وزیر علیم خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ”الحمدللہ! کچھ نہیں چھپایا”، میری یہ آف شور کمپنی ایف بی آر میں ڈکلیئر ہے جبکہ الیکشن کمیشن کواثاثوں میں یہ کمپنی پندرہ سال سے ظاہرکررکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں