’معیشت بہتر ہونے لگتی ہے تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور روپے پر دباؤ بڑھ جاتا ہے‘

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب بھی معیشت بہتر ہونے لگتی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور روپے پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، اسی وجہ سے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے سوہنی دھرتی ریمیٹنس پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور مشیر خزانہ شوکت ترین نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام شروع کرنے پر گورنر اسٹیٹ بینک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ماضی میں ہم نے کبھی اپنی ایکسپورٹس پر توجہ ہی نہیں دی، معیشت جیسے بڑھتی ہے اس کا اثر کرنٹ اکاونٹ خسارے پر پڑتا ہے، ایکسپورٹس میں اضافے کیلئے حکومت پوری کوشش کر رہی ہے۔ انڈسٹری اٹھے گی تو ہماری ایکسپورٹس میں اضافہ ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ 90لاکھ پاکستانی بیرون ملک موجود ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے مشکل وقت میں ہماری مدد کی، سمندرپارپاکستانی ملک کے لیے بڑا درد رکھتے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، وہ روشن ڈیجیٹل کے ذریعے گھر اور سرمایہ کاری کرسکتے ہیں اور اپنا زیادہ پیسہ پلاٹس اور گھروں پر خرچ کرتے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کی سب سے زیادہ سرمایہ کاری پراپرٹی میں میں آتی ہے، چاہتے ہیں اوورسیز پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کریں، ان کیلئے آسانیاں پیدا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سوہنی دھرتی ریمیٹنس کو بہت پہلے شروع کر دینا چاہیے تھا۔ پاکستان کا مسئلہ ایکسپورٹ پر توجہ نہ دینا ہے، اس سال ملک کی ایکسپورٹ بلند ترین سطح پرجائیں گی، بدقسمتی سے درآمدات بہت زیادہ ہیں، پاکستان میں کبھی برآمدات پرتوجہ نہیں دی گئی، برآمدات میں اضافے کیلئے حکومت کوشش کر رہی ہے، انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر گروتھ سامنے آئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں