سپین میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زرمیں چار ماہ کے دوران 41.8 فیصد اضافہ

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) سپین میں رہنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 41.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراکتوبر2021 تک کی مدت میں سپین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 179.4 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 41.8 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سپین میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں نے 126.5 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔

اکتوبر2021 میں سپین میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 44.3 ملین ڈالررہا جو گزشتہ سال اکتوبرمیں 29.9 ملین ڈالرتھا۔موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اوربینکنگ چینلز سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کیلئے سہولیات، اقدامات اورترغیبات کے نتیجہ میں جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں مجموعی طورپر11.9 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں