ملتان: (کامرس ڈیسک) ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں کھادیں، بیج ، سپرے اور ڈیزل کی قمیتں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے سے کاشتکاروں کیلئے گندم کی کاشت کا ہدف پورا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
کسانوں کو ریلیف دینے کے حکومتی وعدے ہوامیں اڑا دیئے گئے، مارکیٹ میں کھاد کی قیمتوں میں گذشتہ 6 ماہ کے دوران 200 فیصد تک کا اضافہ ہو گیا، ڈی اے پی کھاد کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جو اس وقت مارکیٹ میں 9ہزار سے 93 سو روپے میں دستیاب ہے جبکہ یوریا فی بوری3 ہزار روپے جبکہ نائیٹروجن فاسفورس کی قیمت بھی 4 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
صرف قیمتوں میں اضافہ ہی نہیں بلکہ قیمتوں میں اضافے کے ساتھ کھاد بازار سے غائب کر دی گئی ہے جس پر کاشتکار بلیک میں کھاد خریدنے پر مجبور ہیں۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ گندم کی کاشت شروع ہوتے ہی کھاد کی قیمتوں میں اضافے سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں گندم سمیت ربیع کی فصلات اور پھلوں کی کاشت کافی حد تک متاثر ہو گئی۔ مارکیٹ میں جعلی بیج اور کھاد کی فروخت بھی کھلے عام ہو رہی ہے جس کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔
علاوہ ازیں ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے بھی ان کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دکانداروں کے مطابق کھاد کی درآمد متاثر ہونے کے باعث قیمتیں بڑھی ہیں اور مزید بھی اس میں اضافے کا امکان ہے۔