مشیر خزانہ کا گیس بحران کا اعتراف وفاقی وزارت توانائی کی نااہلی ہر چارج شیٹ ہے۔وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کی حکومت پر سخت تنقید
کراچی(نیوز ڈیسک) :وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ مشیر خزانہ کا گیس بحران کا اعتراف وفاقی وزارت توانائی کی نااہلی پر چارج شیٹ ہے۔انہوں نے مشیر خزانہ شوکت ترین کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ گیس بحران کے اعتراف کے بعد وزیر توانائی کو مستعفی ہو جانا چاپئیے۔تین سال سے ایل این جی خریداری پر ملکی خزانے کو تاریخی نقصان پہنچایا گیا۔
بروقت ایل این جی ٹینڈرز نہ کرکے خزانے کو اربوں ڈالر نقصان پہنچایا گیا۔موجودہ اور سابق وزراء ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر پر جھوٹ بولتے رہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور بدعنوانیوں کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔موجودہ حکومت کے اندر مافیاز موجود ہیں جن کو ذاتی مفاد عزیز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے بحرانوں کے خاتمے کے لیے حکومت سے نجات ناگزیر ہے۔
یہاں واضح رہے کہ : مشیر خزانہ شوکت ترین نے نجی ٹی وی چینل کو دئے گئے انٹرویو میں حکومت کے بروقت اقدامات نہ کرنے پر ملک میں گیس بحران کا اعتراف کرلیا۔ مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے ملک میں گیس بحران آیا، شوکت ترین نے بتایا کہ جب گیس کے کارگو لینے کا وقت تھا اس وقت نہیں لئے گئے، اب وقت گزر چکا ہے اور عالمی سطح پر گیس کی قیمتیں بلند ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ دسمبر جنوری میں عالمی سطح پر گیس کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں وفاقی وزیر حماد اظہر نے بھی ملک میں گیس بحران کا عندیہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ تاخیر سے گیس کی بکنگ کرنے اور گیس کارگو کی عالمی سطح پر زیادہ طلب کے باعث گزشتہ برس کی نسبت اس بار 1 کارگو کی کمی ہوگی، اور پاکستان میں 10 کارگو آئیں گے۔