ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں کی سہ ماہی تجدید کا آغاز ہوگیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ پاسپورٹ اور وزارت ہیومن ریسورسز نے سدایا کے تعاون سے اقاموں کی سہ ماہی تجدید کا آغاز کر دیا ہے۔وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ سعودی کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے غیر ملکیوں سے تمام فیسیں سہ ماہی وصول کی جا سکتی ہیں۔
فیصلے میں گھریلو عملہ اور اس ضمن میں آنے والے کارکن شامل نہیں ہوں گے۔
وزارت نے کہا ہے کہ فیصلے پر باقاعدہ عملدرآمد کے بعد اقاموں اور لیبر کارڈ کی تجدید کے لیے کفیلوں کو 3 ماہ،6ماہ، 9 ماہ اور 12 ماہ کے آپشن دیئے جائیں گے۔یہی سہولت مقیم غیر ملکیوں یم کے اہل خانہ کے اقاموں کی تجدید کے لیے بھی ہوگی۔سہ ماہی تجدید کی سہولت سے کفیل اپنے کارکنوں کی حقیقی ضرورت کے مطابق اقامہ کی تجدید کرا سکتے ہیں۔دوسری طرف محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ اقاموں اور لیبر کارڈ کی تجدید کے لیے نئی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے کی طرح ابشر بزنس اور مقیم پورٹل سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔