سعودی عرب ،بولیوارڈ ریاض سٹی سیاحوں اور وزیٹرز کی دلچسپی کا مرکز

ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں ریاض سیزن 2021 کے تحت (بولیوارڈ ریاض سٹی) اندرون و بیرون ملک کے سیاحوں اور شائقین کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے،تفریحی پروگرام دیکھنے کےلیے وزیٹرز ریاض کا رخ کرنے لگے ہیں۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق بولیوارڈ ریاض سٹی سعودی عرب کی مشہور اور مقبول ترین سیاحتی سرگرمیوں اور پرگراموں میں سے ایک ہے۔
ریاض سیزن 2021 کے لیے بہت بڑا علاقہ اس کے لیے مختص کیا گیا ہے یہا ں 9 لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر نو زون قائم کیے گئے ہیں جہاں 200 ریستوران، قہوہ خانے اور تجارتی مراکز کھولے گئے ہیں۔ 3 کلو میٹر طویل واکنگ ٹریک اور نو انٹرنیشنل سٹوڈیو، چار عرب اور غیر ملکی تھیٹر، بچوں کے لیے پانچ سو سے زیادہ ای گیمز پر مشتمل تفریحی زون بنائے گئے ہیں۔
12 برس سے کم عمر کے بچوں کے داخلے پر کوئی ٹکٹ نہیں ہے۔

بولیوارڈ ریاض میں تجارتی بازار بھی لگے ہیں۔ ریستورانوں، قہوہ خانوں اور سبزہ زاروں نیز آبشاروں کے درمیان گھومنے پھرنے کا لطف ہی الگ ہے۔ یہاں 35 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں مصنوعی جھیل بھی بنی ہوئی ہے۔بولیوارڈ ریاض میں بین الاقوامی موسیقی کی تقریبات اور کنسرٹ بھی ہو رہے ہیں۔ پچیس ہزار شائقین بہ یک وقت یہاں آ سکتے ہیں جبکہ عرب زون میں 6 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔ یہاں فوڈ ٹرک زون بھی ہے، 70 سے زیادہ دکانیں قدرتی مناظر کے درمیان خوبصورت انداز میں سجائی گئی ہیں۔بولیوارڈ ریاض میں متعدد مقابلے اور گیمز ہو رہے ہیں۔ آتش بازی کے مظاہرے ،عرب تھیٹر اور غیر ملکی فلموں کے شو بھی ہو رہے ہیں۔ ریاض سیزن میں 75 سو سے زیادہ دیگر پروگرام ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں