تصویر کو ایسے منفرد زاویئے سے کھینچا گیا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے اسے ایڈٹ کیا گیا ہے، اداکارہ
کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ درفشاں نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر کو ایڈٹ نہیں کرتی بلکہ حقیقی معنوں میں ہی اتنی خوبصورت ہوں۔اداکارہ نے حال ہی میں کچھ تصاویر شیئر کیں تو بعض مداحوں ان کی تصاویر کو ایڈٹ شدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شوبز شخصیات جعلی تصاویر کے ذریعے اپنی خوبصورتی کی تشہیر کرکے دوسروں کو پریشان کردیتی ہیں۔
درفشاں کی تصاویر پر زویا ناصر نامی لڑکی کے اکائونٹ سے کیے گئے کمنٹ میں اداکارہ کی تصاویر کو ایڈٹ شدہ قرار دیا گیا۔زویا ناصر نے اپنے کمنٹ میں لکھا کہ انہوں نے درفشاں کی ایک تصویر کو ویڈنگ فوٹوگرافر کے اکائونٹ پر دیکھا اور ساتھ ہی سوال کیا کہ شوبز شخصیات تصاویر کو ایڈٹ کرکے خود کو اتنا خوبصورت کیوں پیش کرتی ہیں ۔
لڑکی نے لکھا کہ تصاویر کو ایڈٹ کرکے شیئر کرنے کا عمل شوبز شخصیات کی پریشانی کو ظاہر کرتا ہے اور یہ عمل درست بھی نہیں کہ خوبصورتی کو جعلی طریقے سے بڑھایا جائے۔
ساتھ ہی زویا ناصر نامی لڑکی نے در فشاں کو اپنے کمنٹ میں مینشن کیا، جس پر اداکارہ نے انہیں پیار بھرا جواب بھی دیا۔درفشاں نے اپنے کمنٹ میں واضح کیا کہ ان کی مذکورہ تصویر ایڈٹ شدہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ اپنی دوسری تصاویر کو ایڈٹ کرتی ہیں۔اداکارہ نے واضح کیا کہ مذکورہ تصویر کو انہوں نے ایسے منفرد زاویے سے کھینچا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسے ایڈٹ کیا گیا ہے۔ درفشاں کے مطابق وہ جتنی تصویر میں خوبصورت ہیں، حقیقت میں بھی اتنی ہی حسین ہیں اور یہ کہ اپنی جسامت کو حقیقی معنوں میں تسلیم کرنے سے بڑھ کر اور کوئی بھی خوبصورت بات نہیں۔