ممبئی:(شوبز ڈیسک)بھارت کی معروف اداکارہ اور امریکی گلوکار نِک جونس کے مابین علیحدگی کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کی علیحدگی کی باتیں اس وقت شروع ہوئیں جب بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر نام میں تبدیلی کی۔
واضح رہے کہ نام کی تبدیلی سے قبل پریانکا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اُن کا نام ’پریانکا نِک جونس‘ تھا جو انہوں نے تبدیل کرکے نِک کا نام ہٹا دیا ہے۔
انسٹاگرام پر نام میں تبدیلی کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں اور اسی وجہ سے پریانکا چوپڑا نے اپنا نام تبدیل کیا ہے۔
یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس سال 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور یہ جوڑی بالی وڈ کی پسندیدہ جوڑیوں میں شمار کی جاتی ہے۔