نواز شریف، مریم کو سیاست سے باہر رکھنے کیلئے اسکیم بنائی گئی: شہباز شریف

لاہور: (نیوز ڈیسک) شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف، مریم کو سیاست سے باہر رکھنے کیلئے اسکیم بنائی گئی، سابق چیف جسٹس کی آڈیو سامنے آنے سے اسکیم کا پتہ چلتا ہے۔

قائد حزب اختلاف و پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور مریم کو عظیم الشان اسکیم کے تحت نشانہ بنایا گیا، وقت آگیا ہے غلطیوں کو درست کیا جائے، قوم انصاف کی منتظر ہے۔

ادھر لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فرانزک کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ آواز ثاقب نثار ہی کی ہے، ایک دن حق اور سچ سامنے آکر ہی رہتا ہے۔ نواز شریف، مریم کی سزا عدل کے ہر پیمانے کے مطابق ختم ہوچکی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ امریکی کمپنی نے آواز کے حقیقی اور درست ہونے کا سائنسی تجزیہ کیا ہے، امریکی کمپنی نے تصدیق کی کہ آواز ثاقب نثار ہی کی ہے، اعمال نامہ حاضر ہے جناب کا، گناہ پرعذر پیش کرنا بدترین گناہوں میں سے ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے وائرل کلپ کے حوالے سے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ثاقب نثار کی جھوٹی آڈیو ریلیز کی گئی، یہ پہلے بھی جھوٹی خبر دے کر معافی مانگ چکے ہیں، اگر آڈیو ویڈیو کی بات کرنی ہے تو پہلے قیوم ملک کی بات کی جائے، مسلم لیگ ن والے جس طرح پہلے قطری خطوں میں بدنام ہوئے، اب بھی ایسا ہی ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں