پنجاب میں گندم کی بوائی کا ہدف نصف فیصد مکمل ہوچکا ہے، وزیر زراعت پنجاب

لاہور(کامرس ڈیسک) وزیر زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں گندم کی بوائی کا ہدف نصف فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی کی زیرِ صدارت لاہور میں گندم کے پیداواری اہداف کا جائزہ لینے کے لئے ویڈیو لنک اجلاس ہوا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخرامام نے تمام صوبوں کے گندم کی بوائی و کھادوں کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا ۔

وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں مجموعی طور پرگندم کی بوائی کا ہدف 50 فیصد سے زیادہ مکمل ہو چکا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ گندم کے اہداف کی تکمیل کے لئے زرعی یونیورسٹی کے20 ہزار زرعی طلبہ بھی فیلڈ میں محکمہ زراعت کے شانہ بشانہ کاشتکاروں کوگندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں راہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔
وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں مجموعی طور پر 1 کروڑ ایکڑ رقبہ پر گندم کی منظور شدہ اقسام کا بیج کاشت کیا جا رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ تمام صوبے فصلات کی بوائی کے بعد محکمہ زراعت کے منظور شدہ اقسام کے بیج کی ٹریک اینڈ ٹریس ایبلٹی کے ڈیٹا کو فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی انسپکشن ونگ کے تعاون سے یقینی بنائیں۔
سید حسین جہانیاں گردیزی نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں گندم کے2 کروڑ20 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار کے حصول کے لئے مہم کامیابی سے جاری ہے۔

واضح رہے کہ ویڈیو لنک اجلاس میں چاروں صوبوں سے محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران و نمائند گان نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں