سیالکوٹ(کامرس ڈیسک)صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں عمران اکبرکی زیر صدارت اراکین مجلس عاملہ سیالکوٹ چیمبر نے ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ کوفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آئندہ انتخابات کے لیے اپنا صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر یونائیٹڈ بزنس گروپ کا شکریہ ادا کیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر نے مزید کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کی جانب سے ڈاکٹر نعمان کی دوسری بار نامزدگی سیالکوٹ کی تاجر برادری کی صلاحیتوں پر قیادت کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ کے پاس کاروباری اور سماجی شعبے کی ترقی میں متنوع پورٹ فولیو ہے۔ اپنے بصیرت مندانہ نقطہ نظر یہ اور سوچ کے لیے مشہورڈاکٹر نعمان ادریس بٹ کو حال ہی میں کھیلوں کے سامان کے شعبے میں سب سے زیادہ یٹینٹس فائل کرنے پر آئی پی او پاکستان کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
کھیلوں کی دنیا میں ڈاکٹر نعمان کی صلاحیتوں کے پیش نظر ورلڈ فیڈریشن آف اسپورٹنگ گڈز انڈسٹری (ڈبلیو ایف ایس جی آئی )نے ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ کو اپناتاحیات ڈائریکٹر اور بورڈ ممبرمنتحب کیاہے جو کھیلوں کی صنعت کے لیے عالمی مستند ادارہ ہے جسے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے باضابطہ طور پر اولمپک فیملی میں صنعتی نمائندے کے طور پر تسلیم کیا ہے۔
اس موقع صدر سیالکوٹ چیمبرنے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ سیالکوٹ کی ایکسپورٹ انڈسٹری کی انتہائی روشن خیالی سے نمائندگی کریں گے اور ان کی نامزدگی سے حکومتی اداروں میں تجارت اور صنعت کے مسائل کو صحیح طریقے سے اجاگر کرنے کا مقصد بھی پورا ہو گا۔یہ سیالکوٹ شہر کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہوگا کیونکہ پہلی بار سیالکوٹ چیمبر کا کوئی رکن فیڈریشن کے صدر کا باوقار عہدہ سنبھالے گا۔
انہوں نے مزید کہا الیکشن میں کامیابی کے بعد وفاقی حکومت پاکستان اپنے ویژن کے مطابق قومی معیشت اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرے گی۔ ایگزیکٹو ممبران سیالکوٹ چیمبرنے کہا کہ ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ سیالکوٹ کے ماڈل کو پورے پاکستان میں لاگوکرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں عمران اکبر، سینئر نائب صدر شیخ زوہیب رفیق سیٹھی اور نائب صدر قاسم ملک نے ایگزیکٹو کمیٹی کے ہمراہ ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ کی انتخابات میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی نامزدگی پاکستان کی تجارت اور صنعت کے لیے خوش آئند ثابت ہوگی۔