معروف بھارتی گلوکار نے اسلام کی خاطر موسیقی کو خیرباد کہہ دیا

حیدرآباد (شوبز ڈیسک) بھارتی نوجوان گلوکار و ریپر روحان ارشد نے اسلام کی خاطر موسیقی کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے گلوکار و ریپر روحان ارشد نے اپنے یوٹیوب چینل پر اپنی نئی ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہوں نے اعلان کیا کہ وہ موسیقی چھوڑ رہے ہیں کیونکہ اسلام میں میوزک حرام اور ممنوع ہے۔
روحان ارشد نے11 نومبر کو اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

شئیر کی جانے والی ویڈیو میں روحان ارشد نے کہا کہ اُنہیں اللّہ تعالیٰ کی طرف سے ہدایت ملی ہے جس کے بعد اُنہوں نے موسیقی چھوڑنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں اپنے فیصلے سے خوش ہوں اور اس کے بارے میں کبھی دوسرا خیال نہیں آیا، میں اپنے آپ کو موسیقی سے متعلق کچھ کرنے سے روکوں گا۔
سابق گلوکار نے مزید کہا کہ میں جانتا ہوں کہ موسیقی اسلام میں گناہ ہے۔

روحان ارشد نے کہا کہ میرے پاس بس ایسا کرنے کا جذبہ تھا، اس لیے میں نے اس کا تعاقب کیا۔
میں شکرگزار ہوں کہ موسیقی نے مجھے ایک کیریئر اور شہرت بنانے میں مدد کی لیکن اب مزید اس کو آگے نہیں بڑھا سکتا۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ خدا میری زندگی میں کچھ کرنے میں مدد کرے گا لیکن میں یوٹیوب پر مواد اپ لوڈ کرنا نہیں چھوڑوں گا۔
واضح رہے کہ روحان ارشد نے 2019 میں ریلیز ہونے والے اپنے ریپ گانے ’میا بھائی‘ کے بعد شہرت حاصل کی تھی۔
تاہم اب تک سابق گلوکار روحان ارشد کے اس گانے کو 500 ملین سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں