پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، زیادتی کے جرم میں ملوث مجرم کو نامرد بنانے کی سزا کا بل منظور کر لیا گیا

جماعت اسلامی کی جانب سے زیادتی کے مجرم کو سرعام پھانسی دینے کی تجویز مسترد، خواتین اوربچوں کےخلاف جنسی تشدد روکنےکا بل بھی منظور ہو گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، زیادتی کے جرم میں ملوث مجرم کو نامرد بنانے کی سزا کا بل منظور کر لیا گیا، جماعت اسلامی کی جانب سے زیادتی کے مجرم کو سرعام پھانسی دینے کی تجویز مسترد، خواتین اوربچوں کےخلاف جنسی تشدد روکنےکا بل بھی منظور ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران کل 29 بل منظور کر لیے گئے۔
حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے 28 بلز جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے پیش کیا گیا 1 بل منظور کیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران زیادتی کے جرم میں ملوث مجرم کو نامرد بنانے کی سزا کا بل بھی منظور کر لیا گیا۔ بل کثرت رائے سے منظور کیا گیا، اس دوران جماعت اسلامی کی جانب سے زیادتی کے مجرم کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کی تجویز دی گئی، جسے مسترد کر دیا گیا۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت مشترکہ اجلاس میں پارلمنٹ نے انتخابی اصلاحات دوسرا ترمیمی بل 2021 منظور کر لیا۔مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر رائے شماری کے لیے ترمیمی بل ایوان اور الیکشن ایکٹ دوسرا ترمیمی بل منظوری کے لیے پیش کیا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور کر لیا۔
اوور سیز پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹنگ کا حق اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا بل بھی منظور کر لیا گیا۔عالمی عدالت انصاف 2021بل بھی منظور کر لیا گیا۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق بل بھی مشترکہ اجلاس میں منظور کے لیے پیش کر دیا گیا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق بل بھی کثرت رائے سے منظورکر لیا گیا۔ اسپیکر نے زبانی رائے شماری کے بعد بل کی منظوری دی۔ بتایا گیا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پارلیمنٹ کے کسی اجلاس کے دوران اتنی بڑی تعداد میں بلز ایک ہی دن میں منظور کروا لیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں