مشیرخزانہ کی سندھ اور بلوچستان میں آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت

چینی کے نئے ذخائر آنے سے قیمتوں میں کمی ہوسکے گی، ہفتہ واربنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.81 فیصد کا مزید اضافہ ہوا۔ مشیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مشیرخزانہ شوکت ترین نے سندھ اور بلوچستان میں آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے اشیاء کی فراہمی اور دستیابی بہتر ہوئی، چینی کے نئے ذخائر آنے سے قیمتوں میں کمی ہوسکے گی، سیکرٹری خزانہ نے بریفنگ دی کہ ملک میں ہفتہ واربنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.81 فیصد کا مزید اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیروں، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں گندم، چینی، دالوں اور چکن سمیت دیگر اشیائے خوردنی کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ سیکریٹری خزانہ نے بریفنگ دی کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 1.81 فیصد کا اضافہ ہوا، 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 15 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا، مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا،ان اشیاء میں دال مونگ ، پیاز کی قیمتیں نمایاں کم ہوئیں۔

حکومت کے اقدامات سے اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور دستیابی بہتر ہوئی، مشیر خزانہ نے سندھ اور بلوچستان میں آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت کی۔ شوکت ترین نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے اقدامات کریں۔ سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں چینی کی قیمت میں مسلسل کمی کا جحان ہے، سندھ اور پنجاب میں کرشنگ سیزن شروع ہونے سے چینی کی پیداوار شروع ہوگئی ہے۔ چینی کے نئے ذخائر آنے سے قیمتوں میں کمی ہوسکے گی، مشیر خزانہ نے فرٹیلائزر کی آسان دستیابی کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں