20 گھروں کے باہر سے 12 لوہے کے جنگلے، 3 کار شیڈز، 3 سیکیورٹی کیبنز، 1 واش روم اور 1 بیرئیر بھاری مشینری کی مدد سے مسمار
اسلام آباد (کرائم ڈیسک) وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے ) کے شعبہ انفورسمنٹ نے بدھ کے روز سیکٹر I-8، سملی ڈیم روڈ، کری روڈ اور پونا فقیراں گاؤں نزد مارگلہ ٹاؤن میں متعدد کارروائیاں کیں۔تفصیلات کیمطابق سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے محکمہ انوائرنمنٹ اور بلڈنگ کنٹرول کے عملے کے ہمراہ اسلام آباد میں گھروں کے باہر تجاوزات کو ختم کرنے لئے جاری مہم کے دوران سیکٹر I-8/2 اور I-8/3 میں 20 گھروں کے باہر سے 12 لوہے کے جنگلے، 3 کار شیڈز، 3 سیکیورٹی کیبنز، 1 واش روم اور 1 بیرئیر بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دئیے جبکہ متعدد گھروں کے رہائشیوں نے نقصان سے بچنے کے لئے از خود بھی تجاوزات کو ہٹانا شروع کر دیا ہے۔
بعدازاں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کی موجودگی میں ریجنل پلاننگ کے نمائندے کی نشاندہی پر سملی ڈیم روڈ پر ایک غیر قانونی سوسائٹی بنانے کے لئے جاری پلاٹنگ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی جس کے دوران 04 ڈی پی سی اور 2 گھروں کی تعمیر کے لئے بنائے گئے سٹرکچر کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا جبکہ 1 گھر کی عمارت کو سربمہر کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں پونا فقیراں گاؤں نزد مارگلہ ٹاؤن میں 1 کنال سرکاری اراضی پر بننے والی نئی چار دیواری کو مسمار کر کے قبضہ کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا اسی طرح کری روڈ پر ایک نجی سوسائٹی کے سامنے سرکاری اراضی پر ایک نرسری بنانے کی غرض سے شیڈ نصب کیا گیا تھا جسکے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شیڈ کو اکھاڑ کر سرکاری اراضی پر غیر قانونی کاروبار کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔