برآمدات میں اضافہ کے ساتھ درآمدات میں اضافہ سے ملک کا تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے‘ سینئر نائب صدر فیروز پور بور ڈلاہور
لاہور(کامرس ڈیسک) تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین کہاہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بھی 11ارب 60کروڑ ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا ۔برآمدات میں اضافہ سے ہی تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی اس لیے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے تاکہ پاکستانی اشیاء کی بیرون ملک کھپت میں اضافہ سے برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوسکے۔
ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں پاکستان کے علاقائی ممالک کے ساتھ درآمدات میں 43فیصد اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان، چین ، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت ، ایران ،نیپال، بھوٹان اور مالدین کو برآمدات صرف90کروڑ رہیں جبکہ چین سے درآمدات43.6فیصد بڑھ کر 4ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ برس کے مقابلہ میں 2ارب ڈالر سے زائد تھیں برآمدات میں میں اضافہ کے ساتھ درآمدات میں اضافہ سے ملک کا تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے اس لیے تجارتی خسارے میں کمی اورمعیشت کی ترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے۔
برآمدات کی بڑھوتری اور توسیع کے سلسلہ میں فوری اقدامات کی ضرورت ہے اس ضمن میں پاکستانی مصنوعات کے لیے بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش اور بیرون ملک سفارتخانوں کو فعال کیا جائے تاکہ وہ بیرون ملک پاکستانی مصنوعا ت کی کھپت اور برآمدات میں اضافہ کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔برآمدات کے باوجود بڑھتی ہوئی درآمدات کے باعث پیدا ہونیوالا تجارتی خسارہ ملکی معیشت کے لئے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔برآمدات میں اضافے کے باوجود حکومت کو تجارتی خسارہ میں مسلسل اضافے سے بیرونی ادائیگیوںکے توازن کو برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامناہے جبکہ جاری کھاتوں کے خسارے کے باعث روپے کی قدر بھی مسلسل گراوٹ کا شکار ہے۔