ہم کالا قانون مسلط نہیں کرنا چاہتے، ماضی کی کالک کو دھونا چاہتے ہیں: شاہ محمود

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم کالا قانون مسلط نہیں کرنا چاہتے بلکہ ماضی کی کالک کو دھونا چاہتے ہیں، اگر عددی اکثریت نہ ہوتی تو بل کیسے پیش کر رہے ہوتے۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ایوان ایسی قانون سازی کرنے جا رہا ہے جس سے ماضی کی خرابیاں تبدیل کر کے شفاف انتخابات کی بنیاد رکھی جائے گی، 1970 کے انتخابات کے بعد ہر الیکشن پر سوالات اٹھائے گئے، ہم تاریخ سے کب سبق سیکھیں گے اور اپنی سمت کو درست کریں گے، وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی سمت کو درست کریں اور شفاف انتخابات کی بنیاد رکھیں، پارلیمنٹ شفاف انتخابی اصلاحات کا ارادہ رکھتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس عددی اکثریت ہے اسی لئے یہ قانون سازی کرنا چاہتے ہیں، آج ہم ایک تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں، ای وی ایم شیطانی حربوں کو دفنانے کیلئے لائی جا رہی ہے، ببانگ دہل کہنا چاہتا ہوں ریاست مدینہ کا تصور ہمارے دلوں میں بستا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ اوورسیز پاکستانیوں ووٹ کا حق دینا بھی چاہتے ہیں اعتراضات بھی کرتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے ڈالرز قبول ہیں مگر انہیں ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتے، ایوان اگر بل منظور کرتا ہے تو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسپیکر صاحب ! اجلاس کو موخر نہ کیا جائے، قائد حزب اختلاف کیا آپ نے ماضی میں اسپیکر ایاز صادق سے پارٹی ممبر شپ چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا ؟۔

اپنا تبصرہ بھیجیں