لاہور: (کامرس ڈیسک) حکومت پنجاب نے گندم کی امدادی قیمت بارے دوبارہ نظر ثانی کا فیصلہ کر لیا، وفاق کو نئی سفارشات بھجوائی جائیں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب نے گندم کی امدادی قیمت پر نظر ثانی کے لئے آمادگی ظاہر کر دی۔ گندم کی نئی قیمت 2 ہزار سے زائد مقرر ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعلی کہتے ہیں کہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا، پنجاب حکومت کی خصوصی کمیٹی نے گندم کی امدادی قیمت 2050 روپے مقرر کرنے کی سفارش کی تھی، حکومت پنجاب کے حکام نے کمیٹی کے فیصلے کے برعکس وفاق کو 1950 روپے کی سفارشات بھجوا دیں۔ وفاق نے اجلاس کے بعد 1975 روپے من امدادی قیمت کا اعلان کیا تاہم نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔
وزیراعلی سے ملاقات میں کسان اتحاد کے رہنماوں نے 2200 روپے فی من امدادی قیمت مقرر کرنے کی تجویز دی۔ وزیراعظم اور وزیراعلی نے کسان رہنماوں سے ملاقات میں امدادی قیمت کا دوبارہ جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے، کچھ عرصے بعد نئی امدادی قیمت پر نظر ثانی کر کے اعلان کیا جائے گا، گندم کی نئی امدادی قیمت 2 ہزار سے زائد مقرر ہونے کا امکان ہے۔